رنگا رنگ

وہ نبیوں میں رحمت لقب پانے والا

ایک آدمی نے رسول اللہﷺ کو قتل کرنے کا ارادہ کیا ۔ لیکن آپﷺ سے مرعوب ہو کر تلوار اس کے ہاتھ سے گر پڑی۔ آپﷺ نے وہ تلوار اٹھائی ۔اب آپﷺ اس سے بدلہ لے سکتے تھے لیکن آپﷺ نے اسے معاف کر دیا۔ آپﷺ کی نرمی اور حسن سلوک کا ذکر اللہ تعالیٰ نے ان الفاظ میں کیا ہے: “پس اللہ تعالیٰ کی رحمت کے سبب سے تم ان کے لیے نرم دل ہوئے اور اگر تم مزاج کے اکھڑ اور دل کے سخت ہوئے تو یہ لوگ تمہارے  پاس سے منتشر ہو گئے ہوتے ۔” رسول اللہﷺ نے کسی سے بدلہ نہیں کیا۔  فتح مکہ کے موقع پر سب دشمن یہ سمجھ رہے تھے کہ آج ان کی خیر نہیں لیکن فتح کے بعد آپﷺ نے اعلان فرمایا: جاؤ تم سب آزاد ہو۔

محمد فیصل، جماعت دہم، گورنمنٹ ہائی سکول مبارک پور، کبیر والا، ضلع خانیوال

قائد اعظم کا کردار

سرکاری استعمال کے لیے 37 روپے کا فرنیچر گورنر جنرل ہاؤس لایا گیا۔ قائد اعظم نے جب فرنیچر کی لسٹ دیکھی تو اس میں 6 یا 7 روپے کی ایک کرسی اضافی نظر آئی۔ آپ نے پوچھا کہ یہ اضافی کرسی کس کے لیے  خریدی گئی ہے؟ جس پر انہیں بتایا  گیا کہ  آپ کی بہن فاطمہ جناح کے لیے یہ اضافی کرسی خریدی گئی ہے جو  آپ کے ساتھ رہتی ہیں اور آپ کی خدمت کرتی ہیں۔ قائد  اعظم  نے فرمایا کہ بے شک فاطمہ جناح میری بہن ہے لیکن اس کی  سرکاری حیثیت کوئی نہیں ہے لہذا اس اضافی کرسی کے پیسے فاطمہ جناح سے وصول کیے جائیں۔

محمد اویس، جماعت نہم، گورنمنٹ ہائی سکول کوٹ خلیفہ، ضلع بہاول پور

اخلاقی سچائی

میں نے ایک تالاب میں پتھر پھینکا۔یکلخت ساکت تالاب میں ہلچل سی پیدا ہو گئی۔ کچھ دیر بعد میں نے ایک تنکا پھینکالیکن کوئی تلاطم پیدا نہ ہوا۔ میں نے تالاب  سے پوچھا: یہ کیا  ماجرہ ہے؟ وہ بولا: اے انسان! ہلچل اور تلاطم پیدا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ تمہارے اندر وزن ہو۔ پتھر میں وزن تھا تو وہ مجھے بیدار کر گیا اور مجھ میں ہلچل مچا گیا جب کہ تنکا ایسا نہ کر سکا۔ تالاب نے اشاروں سے یہ حقیقت سمجھا دی کہ اگر تم انسانی سمندر میں ہلچل مچانا چاہتے ہو تو اپنے اندر وزن  پیدا کرو جو کہ حسن اخلاق، سچائی اور ایفائے عہد سے پیدا ہوتا ہے۔

شہزاد اکرم، جماعت ہفتم ، گورنمنٹ ہائی سکول حویلی نصیر خاں تحصیل وضلع لودھراں

دلچسپ معلومات

٭  کیوی وہ واحد پرندہ ہے جو اپنے شکار کو سونگھ لیتا ہے۔

٭  انسانی ہڈیاں اسٹیل سے 5 گنا زائد مضبوط ہوتی ہیں لیکن یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ انہیں توڑا جاسکتا ہے۔

٭ دنیا کے سب سےبڑے جانور بلیو وہیل کا وزن 200 ٹن (1 لاکھ 81 ہزار کلوگرام) تک ہوتا ہے۔

٭ اٹلی کا شہر وینس 118 چھوٹے سمندری جزیروں پر تعمیر کیا گیا ہے،جنہیں 400 پلوں کی مدد سے ایک دوسرے سے منسلک کیا گیا۔

٭ اگر گھنٹوں آپ کمپیوٹر اسکرین کے سامنے گزارنے کے بعد سفید کاغذ کے کسی خالی ٹکڑے کو دیکھیں گے تو وہ آپ کو گلابی دکھائی دے گا۔

محمد حسنین ، گورنمنٹ ایلیمنٹری سکول 145 ڈبلیو بی ،میلسی، ضلع وہاڑی

ڈینگی بخار

پیارے ساتھیو! جیسا کہ آپ کو علم ہے آج کل ڈینگی بخار بہت پھیلا ہوا ہے، اس لیے ہمیں اِس سے بچاؤکے لیے  احتیاطی تدابیر اختیار  کرنی چاہئیں۔  ڈینگی بخار ایک خاص قسم کے مادہ مچھر کے کاٹنے سے ہوتا ہے۔یہ عموماً صاف پانی میں پرورش پاتا ہے۔اِس لیے ہمیں چاہیئے کہ گھر کے صحن ،پودوں کے گملوں وغیرہ میں پانے کھڑا نہ ہونے دیں۔اپنے گھروں اور گلیوں کو صاف ستھرا رکھیں۔اپنے گھروں میں باقاعد گی سے اسپرے کروائیں،رات کو سونے سے  پہلے مچھر بھگاؤ لوشن لگائیں اور اگر ممکن ہو توسوتے وقت مچھر دانی استعمال کریں۔کھانے پینے کی اشیا کو ڈھانپ کے رکھیں ،دن میں ایک مرتبہ ضرور نہائیں،دانتوں کو باقاعد گی سے صاف کریں،ناخن تراشیں،کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں ہاتھ صابن سے دھوئیں اور کُلی کریں۔

اسد مظہر، جماعت ہفتم، گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول کوٹ چھٹہ، ڈیرہ غازی خان

ڈولفن : انسان دوست مچھلی

 دوستو ! آج میں آپ کو ڈولفن مچھلی کے بارے میں چند معلومات فراہم کرتی ہوں۔ یہ انسان دوست مچھلی ہے اور انسانوں کی بہت اچھی دوست ہے۔ عظیم فلسفی ارسطو نے  اپنے ایک واقعہ میں ایک ڈولفن کا ذکر کیا ہے جو ایک ندی میں رہتی تھی، وہ ایک بچے سے بہت مانوس تھی اور اس کے ساتھ کھیلا کرتی تھی، بچوں کو اپنی پیٹھ پر بٹھا کر ساحل کے قریب لہروں کی سیر کراتی تھی، یہ ڈولفن ڈوبنے والوں کو بچاتی تھی ، سمندر کے کنارے آنے والے لوگوں نے اس کا نام  اوپو جیک رکھا تھا۔ وہ اس نام سے ڈولفن کو آواز دیتے تھے تو یہ مچھلی خوشی کا اظہار کرتی ہوئی ان کے پاس آ جاتی  تھی اور  اتنی سمجھ دار تھی کہ جب کوئی بچہ اس کی پیٹھ پر بیٹھ کر  لہروں کی سیر کرتا تو یہ   مچھلی  غوطہ نہیں  لگاتی تھی، اسے پتہ تھا کہ   غوطہ لگانے سے بچہ سمندر میں ڈوب جائے گا۔ڈولفن کے دماغ کا وزن 3.7 پونڈز  ہوتا ہےجب کہ  عام آدمی کے دماغ کا وزن 3.2 پونڈز  ہوتا ہے۔انسانی جسم اور دماغ کا تناسب اور ڈولفن کے جسم اور دماغ کا تناسب تقریبا برابر ہے۔ ڈولفن انسان کی طرح خاندانی زندگی بسر کرتی ہے  اور اپنے بچوں کی پرورش کرتی ہے۔جاپان کے ایک ماہر کا خیال ہے کہ اگر ڈولفن زمین پر زندہ رہ سکتی تو کتے سے زیادہ انسان کی وفادار ہوتی۔

عنبرین بی بی، جماعت ششم، گورنمنٹ گرلز ہائی سکول سمرا نشیب شمالی لیہ

پھلوں کے فائدے

قدرت نے آئرن دیا، سیب میں محفوظ کیا۔

قدرت نے پروٹین دیا، آم میں محفوظ کیا۔

قدرت نے وٹامن ڈی دیا، انار میں محفوظ کیا۔

قدرت نے کیلشیم دیا، مالٹے میں محفوظ کیا۔

قدرت نے پوٹاشیم دیا، خوبانی میں محفوظ کیا۔

قدرت نے وٹامن ای دیا، آڑو میں محفوظ کیا۔

قدرت نے میگنیشیم دیا، کیلے میں محفوظ کیا۔

قدرت نے وٹامن سی دیا،مسمی میں محفوظ کیا۔

قدرت نے طاقت کا خزانہ دیا، کھجور میں محفوظ کیا۔

محمد فاروق، جماعت ششم ، گورنمنٹ نیو ملت ہائی سکول، ممتاز آباد، ملتان
شیئر کریں
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •  
  •